↧
انسان کی کورونا سے بے بسی
آخر اس بیماری کورونا کے آگے اس قدر بے بس کیوں ہیں؟ ہم نے اپنے ایک کالم میں یہ گزارش کی تھی کہ اس وحشی بلا کی اِن آؤٹ کا کوئی پتا نہیں چل رہا لہٰذا اس حوالے سے متعلقہ ماہرین کا ایک عالمی کنونشن بلایا جائے اور کورونا کے ہر پہلو پر غور کر کے ماہرین کی ایک کمیٹی بنا دی جائے جو جان لڑا کر اور اپنی تمام تر مہارت استعمال کر کے اس قاتل وبا کا علاج دریافت کرنے کی کوشش کرے کیونکہ یہ مسئلہ ہر آنے والے دن زیادہ خطرناک ہوتا جا رہا ہے اور دنیا کے عوام انتہائی خوفزدہ ہیں۔ اس بیماری کی وحشت کا عالم یہ ہے کہ عام آدمی کو تو چھوڑیے کئی ملکوں کے اعلیٰ مقام بھی اس وبا کا شکار ہو رہے ہیں۔ برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن بھی کورونا کے شکار ہوئے تھے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ وباء کتنی حشر سامان ہے۔ اس حوالے سے حیرت کی بات یہ ہے کہ دنیا کی خطرناک سے خطرناک بیماریوں کا علاج دریافت کر لیا گیا ہے۔ کیا کورونا دنیا کی ایسی انوکھی بیماری ہے کہ دنیا کے سارے ڈاکٹر دماغ لڑا رہے ہیں لیکن نتیجہ صفر ہی ہے۔
↧