ماہر معیشت ڈاکٹر اشفاق نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قرض کی زیادہ تر شرائط تو ابھی سامنے نہیں آئیں تاہم جو رپورٹس آ رہی ہیں یہ مصر ماڈل کا چربہ ہے۔ ’آئی ایم ایف میں مصر کو ایک پوسٹر چائلڈ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ جبکہ آئی ایم ایف کے پروگرام میں جانے سے پہلے مصر میں تقریباً 30 فیصد لوگ خطِ غربت سے نیچے تھے اور آج یہ شرح 55 فیصد ہے۔` ’مصر میں اس طرح کے پروگرام کے ثمرات یہ ہیں کہ غربت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ مصر کی کرنسی کی قدر کم ہونے سے وہاں مہنگائی بہت تیزی سے بڑھی۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی یہی ہو گا، ڈسکاؤنٹ ریٹ بڑھے گا، روپے کی قدر کم ہو گی، غربت اور بے روزگاری بڑھے گی.
تمام طرح کی سبسڈیز ختم ہوں گی، گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھیں گی اور یہ سب پاکستانی عوام کے لیے بہت تکلیف دہ ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس قرض سے پاکستان میں کسی طرح کا معاشی استحکام نہیں آئے گا کیونکہ یہ شرح نمو کو مزید گرا دے گا۔ ’آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے دو سے تین برس تک ہمیں اپنے جی ڈی پی کی شرح نمو دو سے ڈھائی فیصد رکھنا ہو گی۔ جس ملک میں 15 لاکھ نوجوان ہر برس روزگار کی تلاش میں مارکیٹ میں داخل ہو رہے ہیں اس ملک میں شرح نمو کم از کم سات سے آٹھ فیصد ہونا ضروری ہے۔‘
سٹیٹ بینک میں ہونے والی گورنر کی تقرری کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’آئی ایم ایف نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کر کے پاکستان کو ایک پروگرام دے دینا ہے جو کسی صورت ملک کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔‘ صحافی شہباز رانا کہتے ہیں کہ نئے قرض کے پاکستانی معیشت اور عوام پر قلیل مدتی اور طویل مدتی فوائد اور نقصانات ہوں گے۔ ’اگر قلیل مدتی اثرات کی بات کی جائے تو یہ قرضہ پاکستان کے لیے کسی حد تک معاشی استحکام کا باعث بنے گا اور اس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو گا جبکہ معاشی پالیسیوں میں بہتری کا عنصر آئے گا۔
دوسری جانب روپے کی قدر میں کمی اور ٹیکسوں کی شرح میں اضافے کی وجہ سے بالواسطہ عوام متاثر ہوں گے اور مہنگائی بڑھے گی اور تمام درآمدی اشیا کی قیمت بڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا جبکہ شرح نمو آئندہ برسوں میں کم رہے گی۔ صحافی خرم حسین کہتے ہیں کہ پاکستانی عوام پر اس قرضے کے شدید معاشی اثرات ہوں گے۔ ’مزید ٹیکس لگانے پڑیں گے، محصولات کو بہتر کرنا پڑے گا، شرح سود کو بڑھانا پڑے گا اور روپے کی قدر کو مزید گرانا پڑے گا۔` ’معاشی میدان میں موجودہ مشکلات اور مہنگائی میں صحیح معنوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط ہر عملدرآمد کے ساتھ شروع ہو گا۔