نو جنوری 1960ء کو مصر کے اس وقت کے صدر جمال عبدالناصر نے جدید یا بالائی اسوان ڈیم کی تعمیر کا افتتاح کیا تھا۔ دریائے نیل پر بنائے جانے والے اس ڈیم کی وجہ سے زیریں اسوان ڈیم کی اہمیت ماند پڑ گئی۔ زیریں اسوان ڈیم کو 1902ء میں بنایا گیا تھا۔ 1952ء میں مصری’’ انقلاب‘‘ کے بعد جدید یا بالائی اسوان ڈیم کی تعمیر حکومتی ترجیحات میں شامل تھی۔ اس کا مقصد سیلاب کنٹرول کرنا، آب پاشی کے لیے پانی کے ذخائر میں اضافہ اور بجلی پیدا کرنا تھا۔ حکومت کو امید تھی کہ اس سے مصر میں صنعت کاری کا عمل تیز کیا جا سکے گا۔ اس ڈیم نے مصر کی معیشت پر خاصے اثرات مرتب کیے۔ ڈیم 1970ء میں مکمل ہوا۔ اس ڈیم کی تعمیر کی وجہ سے بہت سے قدیم مجسموں اور عمارتوں کو منتقل کیا گیا اور بڑی تعداد میں لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی۔ اسوان کے مقام پر پہلا ڈیم بنانے کی کوشش عرب انجینئر حسن بن الہیثم نے گیارہویں صدی میں کی۔