بیجنگ چین کا ایک ایسا شہر ہے جہاں لا تعداد قابل دید مقامات موجود ہیں۔ یہاں پر بہت زیادہ مشہورو معروف اور دلچسپ جگہیں ہیں۔ بیجنگ کا اولمپک سٹیڈیم ان میں سے ایک ہے۔ یہ سٹیڈیم سیاحوں کا نہایت پسندیدہ مقام ہے۔ یہ سٹیڈیم دراصل 2008ء کے اولمپک کھیلوں کے انعقاد کے لیے بنایا گیا تھا۔ اولمپک کھیلوں کے بعد بھی اس کی مقبولیت اور کشش میں ذرہ بھر کمی نہیں آئی۔ اس سٹیڈیم کا ڈیزائن جو کہ پرندوں کے گھونسلے سے مشابہہ ہے۔ یہ ڈیزائن دنیا کے دوسرے سٹیڈیمز سے اس لحاظ سے منفرد ہے کہ یہ دور سے ایک گھونسلے کی طرح دکھائی دیتا ہے اور یہی چیز اس میں کشش کا باعث ہے۔
اولمپک کھیلوں کا آغاز 8 اگست 2008ء (08-08-2008) کو ہوا تھا۔ آٹھ کا ہندسہ چینیوں کے خیال کے مطابق بڑا مبارک سمجھا جاتا ہے۔ اس خیا ل کے پیش نظر اس ہندسے کا انتخاب کیا گیا۔ یہ کھیل 24 اگست تک جاری رہے۔ اولمپک کھیلوں کی افتتاحی اور اختتامی تقاریب اسی سٹیڈیم میں منعقد ہوئیں۔ بیضوی ڈیزائن کا یہ گھونسلہ نما سٹیڈیم جنوب سے شمال 1093 فٹ لمبا اور مشر ق سے مغرب تک 972 فٹ چوڑا ہے۔ اس کی اونچائی 226 فٹ ہے۔ بیٹھنے کے لیے سیٹوں کی تعداد ایک لاکھ رکھی گئی تھی۔ جن میں 200 سیٹیں وہیل چیئر پر بیٹھے معذورشائقین کے لیے تھیں۔ اولمپک کھیلوں کے اختتام پر 9000 سیٹیں ہٹا دی گئیں لیکن اب بھی سیٹوں کی تعداد 91000 ہے۔ اس سٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز 24 دسمبر 2003 ء کو ہوا اور 28 جون 2008ء کو یہ سٹیڈیم مکمل ہو گیا۔ اس کی تعمیر پر 42 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر صرف ہوے۔ اس کی چھت بوقت ضرورت سکیڑی جا سکتی ہے۔