جس طرح دریائے وولگا کو روس کے دست و بازو کا درجہ حاصل ہے۔ اِسی طرح ٹرانس سائبیرین ریلوے کو روس کی ریڑھ کی ہڈی تصور کیا جاتا ہے۔ اسی ریلوے کو روس کی فولادی سٹرک کا نام بھی دیا گیا ہے۔ اِس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ ٹرانس سائبیرین ریلوے دُنیا کے تقریباً ایک تہائی گلوب کو ڈھانپے ہوئے ہے۔ مشرق سے لے کر مغرب میں آخری سٹیشن تک اس میں دس ٹائم زون آتے ہیں۔ ریلوے کا طویل نظام روس کے انتہائی مشرقی شہر ولاڈی واسٹک سے شروع ہو کر چین اور منگولیا کی سرحدوں کو چھوتا ہوا صحرائے گوبی سے گزرتا، دُنیا کی سب سے بڑی اور گہری جھیل بیکال کے پاس سے سائبیریا کی سفید برفانی زمین سے گزر کر اور کئی بڑے دریائوں کو عبور کرتے ہوئے یورپی شہر ماسکو کے بعد سینٹ پیٹرز برگ کے مقام پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔
چھ دن کے تھکا دینے والے سفر کے دوران آپ کو دُنیا کے کئی طرح کے باسیوں سے واسطہ پڑتا ہے۔ جن کا کلچر، خورد نوش، لباس اور رنگ و نسل ایک دوسرے سے مختلف ہے۔ مختلف قد کاٹھ اور مختلف قسم کی زبانیں بولنے والے لوگوں سے واسطہ پڑتا ہے۔ ٹرانس سائبیرین ٹرین کے سفر میں مشرقی یورپ کو خیر باد کہتے کوہ یورال سے بھی گزرنا پڑتا ہے جو کہ براعظم یورپ اور براعظم ایشیا کی حدّ فاصل ہے۔ یہ ریلوے ٹریک دُنیا کا طویل ترین ٹریک ہے جس کی لمبائی 5600 میل یعنی 9288 کلو میٹر ہے۔ اس ریلوے ٹریک کا 19% حصہ یورپ اور 81% حصہ ایشیا سے گزرتا ہے۔
روس کے زار الیگز نڈر دوم نے روس کے دفاعی نقطہ نظر سے اور دُور افتادہ بحرالکاہل تک کے علاقے کو صحیح کنٹرول کرنے کے لیے اس عظیم اور تاریخی منصوبے کی منظوری دی۔ پھر زار الیگزنڈر دوم کے بیٹے زار الیگزنڈر سوم نکولس نے اس عظیم منصوبے کی تعمیر کی خصوصی نگرانی کی۔ ٹرانس سائبیرین ریلوے کے منصوبے کا آغاز 19 مئی 1891 ء کو ہوا اور 15 اکتوبر 1916 ء کو یہ عظیم منصوبہ پایہء تکمیل کو پہنچا۔ اس منصوبے پر 1.455 بلین روبل لاگت آئی۔ اس ریلوے ٹریک کے اوپر بجلی کا سسٹم لگانے کا کام 1929 ء میں شروع ہو کر مختلف مراحل میں 2002 ء میں مکمل ہوا۔ اس ٹرین میں دوران سفر مقامی اخباروں کے علاوہ ٹرین کے اندر بھی اخبار چھاپنے کا نظام موجود ہے۔
ٹرانس سائبیرین ریلوے کے متعلق چند دلچسپ حقائق
ریل کی پٹڑی کی کل لمبائی… 9288.2 کلو میٹر
سب سے بڑا دریائی پل……2612 میٹر لمبا جو دریائے آمور پر 1999 ء میں مکمل ہوا۔
سب سے لمبی سرنگ……دو کلو میٹر
ٹائم زون……10 (ولاڈی واسٹک سے سینٹ پیٹرز برگ تک)
راستے میں آنے والے شہروں کی تعداد…87
راستے میں آنے والے دریا، تعداد…16 مشہور دریا…… اوبی نیسے، اوکا، آمور، شہروں کا کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 - تا+34 سنٹی گریڈ.