امریکہ کی جانب سے اپنے سفارتکاروں کی بے دخلی کے احکامات کے بعد روس نے بھی 60 امریکی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگی لاوروف کی جانب سے ماسکو میں متعین امریکی سفیر کو طلب کر کے سفارتکاروں کی بے دخلی کا حکم دے دیا گیا۔ روسی وزیر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ امریکی سفیر کو بتایا ہے کہ یہ اقدام روسی سفارتکاروں کی بے دخلی کا جواب ہے۔ اس کے علاوہ روس نے سینٹ پیٹرز برگ میں واقع امریکی قونصل خانے کو بند کرنے کا بھی اعلان کیا ہے.
چند روز قبل امریکہ نے برطانیہ میں رہائش پر سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی پر اعصابی گیس کے حملے کے ردعمل میں 60 روسی سفارتکاروں کی بے دخلی کا حکم جاری کرتے ہوئے امریکی شہر سیئٹل میں واقع قونصل خانہ کو بند کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ امریکہ کے علاوہ کینیڈا اور کئی یورپی ممالک نے بھی روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا جس کے جواب میں روس نے بھی ہر ملک کو بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل برطانیہ نے بھی 23 روسی سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں روس نے بھی برطانیہ کے اتنے ہی سفارتی عملے کی بے دخلی کا حکم جاری کیا تھا۔