↧
میں عورت مارچ کا حامی ہوں
اسلام نے بطور مذہب مجھے عورتوں کا احترام کرنا سکھایا ہے۔ پیدا کرنے والی ماں ہو، دل کا سکون بیٹی ہو، غموں کی ساتھی بہن ہو، یا زندگی کی ساتھی بیوی، اسلام نے تمام رشتوں کے نہ صرف حقوق بتا دیے ہیں بلکہ ان رشتوں کو بھی سمجھا دیا ہے کہ وہ بطور مرد میری بات کیسے مانیں۔ کس طرح میرے سکون کا خیال رکھیں اور خاندان کے سربراہ کے طور پر کیسے میری خواہشات کا احترام کریں، جائز خواہشات، جائز ضد، جائز حکم۔ لہٰذا مجھے یہ کہنے میں کوئی شرمندگی، پریشانی یا جھجک نہیں کہ میں عورت مارچ کا حامی ہوں اور مکمل ان کا ساتھ بھی دوں گا۔ لیکن ایک لمحہ رکیے۔ اگر میں عورتوں کے مارچ کا حامی ہوں اور ان کی سپورٹ کا وعدہ بھی کر رہا ہوں، اور ہر فورم پر ان کی آواز بننے کی ذمے داری بھی نبھانے کو تیار ہوں تو عورت مارچ کے کرتا دھرتا منتظمین یقینی طور پر میری سپورٹ کےلیے کچھ میری باتیں بھی مانیں گے۔ میں اس مارچ کی حمایت غیر مشروط طور پر کر رہا ہوں۔ مجھے اس حمایت کے بدلے نہ تو کوئی شہرت چاہیے، نہ ہی مجھے کسی بھی بڑے فورم پر سراہے جانے سے غرض ہے اور نہ ہی میں اس بات کا طلبگار ہوں کہ میری خدمات کے صلے میں کسی بینر پر میرا نام چھاپا جائے۔ کیوں کہ میں عورت مارچ کا باقاعدہ حصہ ہوں اور اب اس مارچ کا ہر فورم پر دفاع بھی کروں گا۔ لہٰذا منتظمین سے گزارش ہے کہ میری کچھ گزارشات کو بھی ہمارے اس عورت مارچ کا حصہ بنا لیجیے۔ یہ یقینی طور پر عورت مارچ کےلیے بہتر ہو گا۔
↧