↧
پرویز مشرف کے پاس سزائے موت سے بچنے کا قانونی راستہ کیا ہے؟
سنگین غداری کیس کی سماعت کے لیے قائم خصوصی عدالت کی طرف سے سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد قانونی ماہرین کے مطابق پرویز مشرف کے پاس سپریم کورٹ میں اپیل کا حق موجود ہے تاہم اس حق کو استعمال کرنے کے لیے انھیں ’سرنڈر‘ کرنا پڑے گا۔ خصوصی عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کو سنگین غداری کا مرتکب قرار دیے جانے کے بعد موت کی سزا سنائی گئی ہے۔ پرویز مشرف اس وقت کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے۔ عدالت نے مختصر حکم نامے کے ذریعے سزا سنائی اور کہا کہ تفصیلی فیصلہ 48 گھنٹے میں جاری کر دیا جائے گا۔ اردو نیوز سے گفتگو میں پرویز مشرف کے دور حکومت میں وزیر قانون رہنے والے خالد رانجھا نے کہا کہ ’ٹرائل کورٹ کو مختصر حکم نامہ جاری کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ ٹرائل کورٹ کو تمام وجوہات کے ساتھ تفصیلی فیصلہ ہی جاری کرنا ہوتا ہے۔‘
↧