مائونٹ فیوجی جاپان کا سب سے بلند اور خوبصورت پہاڑہے۔ یہ اسی ہونشو جزیرے پر واقع جس جزیرے پر ٹوکیو آباد ہے۔ اس پہاڑ کی بلندی 12388 فٹ ہے اور اس پہاڑ کا ٹوکیو سے فاصلہ 100 کلو میٹر یعنی 62 میل ہے۔ یہ مجموعی طور پر 78 میل لمبا ہے اور اس کا قطر 30 میل ہے، جبکہ اس کے دہانے کا قطر 1600 فٹ اور گہرائی 820 فٹ ہے۔ یہ ٹوکیو شہر سے جنوب مغرب کی سمت واقع ہے۔ فیوجی پہاڑ کو فیوجی یاما بھی کہا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف ٹوکیو شہر بلکہ یوکوہاما سے بھی نظر آتا ہے۔ ٹوکیو سے اوسا کا جانے والی ریلوے لائن مائونٹ فیوجی کے قریب ہی سے گزرتی ہے۔ مائونٹ فیوجی کی چوٹی سال میں زیادہ تر برف سے ڈھکی رہتی ہے۔ جس سے اس کی خوبصورتی میں بہت اضافہ ہو جاتا ہے۔ سیاح اس کی خوبصورتی کو کیمرے میں محفوظ کر لیتے یں۔
یہ پہاڑ دُنیا کے مشہور 35 پہاڑوں میں سے ایک ہے۔ اس پہاڑ کو جاپان میں ایک مقدس پہاڑ کا درجہ بھی حاصل ہے۔ شنتو اور بدھ مت کے ماننے والے اس پہاڑ پر عبادت کی غرض سے بھی آتے ہیں۔ مائونٹ فیوجی کو جاپان کے کلچر کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔ فوٹو، پینٹنگ، شاعری، لوک کہانیاں سب ہی مائونٹ فیوجی کے ذکر کے بغیر نامکمل ہیں۔ اکثر فلمو ں میں مائونٹ فیوجی کو فلمایا جاتا ہے۔ مائونٹ فیوجی ایک خفتہ آتش فشاں پہاڑ ہے۔ آخری دفعہ یہ پہاڑ دسمبر 1707 ء میں پھٹا تھا۔ لیکن ماہرین ارضیات کے مطابق اس کو مردہ آتش فشاں پہاڑوں میں شمار نہیں کیا جا سکتا۔ بلکہ ایک خفتہ ( سویا ہوا) پہاڑ ہے۔ ہر سال تقریباً ایک لاکھ سیاح یہاں آتے ہیں۔