جمہوریہ مالی براعظم افریقہ کا آٹھواں بڑا ملک ہے۔ مالی کے شمال میں الجزائر، مشرق میں نائیجریا، جنوب میں برکینا فاسو اور آئیوری کوسٹ، جنوب مغرب میں گنی اور مغرب میں سینیگال اور موریطانیہ واقع ہیں۔ شمال میں سیدھی اس کی سرحد مرکزی صحارہ تک جاتی ہے۔ زیادہ تر آبادی جنوب میں ہے۔ یہ سابقہ فرانسیسی سوڈان کا حصہ رہا۔ آزادی کے بعد ماضی کی سلطنت مالی کے نام پر مالی کہلایا۔ مالی بمبارا زبان میں دریائی گھوڑا یا گینڈا کو کہتے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت بماکو ہے۔ جہاں مالی واقع ہے یہاں کبھی تین افریقی سلطنتیں ہوا کرتی تھیں جو صحارہ میں ہونے والی تجارت کو کنٹرول کرتی تھیں۔
گھانا سلطنت، مالی سلطنت اور سونغائی سلطنت۔ یہ مغربی افریقہ کا سنہرا دور تھا اور وہاں ریاضی، فلکیات، ادب اور فن ترقی کر رہا تھا۔ 1300ء میں اپنے عروج کے زمانے میں مالی سلطنت فرانس سے دگنے رقبے پر مشتمل تھی۔ مالی میں موسم گرم و خشک ہے اور سطح زمین زیادہ تر ہموار ہے جو شمال کی طرف قدرے بلند ہوتی جاتی ہے۔ زیادہ تر ملک صحارہ میں واقع ہے جہاں گرمیوں میں گرم ہوائیں اور ریتلے طوفان چلتے ہیں۔ جنوبی علاقہ نسبتاً سرسبز ہے۔ ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جہاں سونا، یورینیم، فاسفورس کے مرکبات، نمک اور چونا کی کانیں بکثرت ہیں۔ مالی کا شہر ٹمبکٹو مغربی افریقہ کی تین مذکورہ سلطنتوں میں اہم ترین شہر تھا۔ صحارہ سے منسلک ان سلطنتوں میں سونے، نمک، غلاموں وغیرہ کی وسیع تجارت ہوتی تھی۔
عروج کے زمانے میں ٹمبکٹو صحارہ سے ہونے والی تمام تجارت کا مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ علم کا مرکز بھی تھا۔ انیسویں صدی کے اواخر میں یہ علاقہ فرانسیسیوں کے قبضے میں چلا گیا۔ مالی نے 1960ء میں فرانس سے آزادی حاصل کی۔ مالی کی سرحد سے کوئی سمندر منسلک نہیں یعنی یہ لینڈ لاک ملک ہے۔ اس کا شمار دنیا کے گرم ترین ممالک میں ہوتا ہے۔ ملک کا زیادہ تر انحصار زراعت پر ہے۔ کپاس بڑی مقدار میں برآمد کی جاتی ہے۔ مشہور فصلیں چاول، مکئی، سبزیاں، تمباکو ہیں۔ ملک کی 80 فیصد برآمدات زرعی اجناس، سونا اور مویشیوں پر مشتمل ہیں۔