ملک کے ستر فیصد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ صدر مدورو کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کر کے امریکا نے جنگ مسلط کر دی ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ نے صورتحال کا ذمہ دار وینزویلا کی حکومت کو قرار دیا ہے۔ امریکا اور وینزویلا کے تعلقات میں مزید کشیدگی، وینزویلا نے بجلی کے طویل شٹ ڈاؤن کا ذمہ دار امریکا کو قرار دے دیا۔ گزشتہ روز وینزویلا کے دارالحکومت سمیت ملک کے 70 فیصد علاقوں میں 36 گھنٹوں تک بجلی غائب رہی جس پر صدر مدورو نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے بجلی کی طویل بندش کر کے "بجلی کی جنگ"مسلط کر دی ہے۔ وزیر توانائی نے بھی ملبہ امریکا نواز اپوزیشن پر ڈال دیا۔ صدر مدورو کے الزام پر امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وینزویلا میں بجلی کی بندش کی ذمہ دار مدورو کی حکومت ہے۔ واشنگٹن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو وینزویلا کا صدر تسلیم کرنے پر امریکا اور وینزویلا کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔