امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ منتخب ہونے والی مسلم خواتین سینیٹرز نے تقریب حلف برادری میں قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھا کر نئی تاریخ رقم کر دی ۔ فلسطینی اور صومالی نژاد امریکی کانگریس کی مسلم خواتین ارکان راشدہ طلیب اور الہان عمر نے 116ویں کانگریس کا حصہ بنتے ہوئے 435 ممبران کے درمیان پہلی مسلم خواتین سینیٹرز کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ حلف برداری کی تقریب میں راشدہ طالب نے فلسطین کا روایتی لباس تھوب زیب تن کیا۔ فلسطینی نژاد سینیٹر 42 سالہ راشدہ کے والدین فلسطینی شہر بیت المقدس میں پیدا ہوئے، تاہم بعد ازاں ان کا خاندان امریکی ریاست مشی گن آکر آباد ہوا، جہاں راشدہ پیدا ہوئیں، وہ 14 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔
انہوں نے قانون کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سیاست میں حصہ لینا شروع کیا اور 2008ء میں مشی گن کی ریاستی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں۔ دوسری جانب 37 سالہ الہان عمر پہلی خاتون ہیں جنہوں نے حجاب پہن کر حلف اٹھایا، ان کے آباؤ اجداد کا تعلق افریقی ملک صومالیہ سے تھا۔ انہوں نے جہاں قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا، وہیں انہوں نے حجاب پہن کر ایک نئی تاریخ رقم کی، امریکی کانگریس کے چیمبر میں حجاب پہن کر حلف اٹھانے پر گزشتہ 181 سال سے پابندی عائد تھی۔ اس موقع پر ان کے ساتھ والد نور محمد بھی موجود تھے۔