↧
کشمیر : بچپن جو چھروں کی نذر ہوئے
انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر میں پیلیٹ گنز یعنی چھروں کی شکاری بندوق سے گزشتہ کئی برسوں کے دوران ہزاروں نوجوان اور کم سن بچے بینائی سے جزوی یا مکمل طور محروم ہو چکے ہیں۔ ایک اندازہ کے مطابق انڈین سکیورٹی فورسز کی طرف سے پیلیٹ گنز کے بے دریغ استعمال سے پچھلے کچھ برسوں میں کم سے کم 3000 افراد کی آنکھیں زخمی ہو چکی ہیں۔ مقامی لوگ اسے مردہ آنکھوں کی وبا کہنے لگے ہیں۔ عوامی غصے کے باوجود انڈین سکیورٹی فورسز نے چھروں کے استعمال میں کمی کرنے کی بجائِے اس میں اضافہ کر دیا ہے۔ حال ہی میں ان چھروں کا نشانہ بننے والی سب سے کم عمر بچی حبا کی آنکھ کا دوسرا آپریشن ہوا۔ اپنی ماں سے لپٹ کر بیٹھی، ننھی سی حبا نثار کشمیر میں چھروں کی سب سے کم عمر شکار تو ہیں، مگر وہ اکیلی نہیں۔
شب روزہ کی ایک آنکھ کی بینائی چلی گئی ہے اور دوسری آنکھ میں مکمل بینائی بحال نہیں ہو سکی ہے۔ دو سال قبل پلوامہ میں انڈیا کے سکیورٹی فورسز مظاہرین کا تعاقب کر رہے تھے اور جب فورسز نے مظاہرین پر چھروں کی بارش کر دی تو شب روزہ میر کے چہرے پر چھرے لگے جس کی وجہ سے وہ معذور ہو گئی ہیں۔
↧