Quantcast
Channel: Pakistan Affairs
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4736

عام انتخابات 2018 : فیصلے کی گھڑی

$
0
0

عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں بعض عوامل کی وجہ سے قدرے تاخیر سے شروع ہونے والی انتخابی مہم پیر اور منگل کی درمیانی رات ختم ہونے کے بعد بالآخر فیصلے کی گھڑی آگئی ہے۔ آج 10 کروڑ 59 لاکھ سے زائد مرد وخواتین رائے دہندگان اگلے پانچ سال کے لئے اپنے نئے حکمرانوں کا انتخاب کریں گے۔ یوں ملک میں جو اپنے قیام کے بعد تقریباً نصف مدت تک آمریتوں کے تسلط میں رہا مسلسل تیسرے جمہوری دور میں داخل ہو جائے گا۔ دنیا جمہوری ملکوں میں ہونے والے انتخابات کے عمل کو غیر معمولی اہمیت دیتی ہے۔ ان کی شفافیت پر کڑی نظر رکھتی ہے اور مستقبل کے حکمرانوں کی متوقع پالیسیوں کا نہایت باریک بینی سے جائزہ لیتی ہے تاکہ ان کے اثرات کا پیشگی ادراک کر سکے۔ 

آج پاکستان پر بھی ساری دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا ہمارے لیڈروں کی انتخابی مہم، ایجنڈے اور عوامی شعور کے حوالے سے اپنے تجزیے پیش کر رہا ہے۔ پاکستان کی نگران حکومت اور الیکشن کمیشن قومی اور بین الاقوامی تناظر میں اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ انتخابی سرگرمیوں کے دوران امن و امان کو لاحق خطرات کی روشنی میں پرامن پولنگ اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ملکی تاریخ میں پہلی بار تقریباً پونے چار لاکھ فوجیوں اور ساڑھے چار لاکھ پولیس اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جنہوں نے 85 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں پر جن میں سے 17 ہزار سے زائد حساس قرار دیئے جا چکے ہیں اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔ 

انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے (نیکٹا) کی وارننگ کے پیش نظر دوسرے حفاظتی اقدامات کے علاوہ پاک افغان سرحد 25 جولائی کو ایک روز کے لئے مکمل بند کر دی گئی ہے الیکشن کمیشن نے جہاں مقررہ وقت پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے دن رات محنت کی وہاں دھاندلی سے پاک اور صاف و شفاف انتخابات کے لئے ماضی کے مقابلے میں کئی غیر معمولی اقدامات کئے۔ رائے دہندگان کی رہنمائی کے لئے ووٹ ڈالنے کا جامع طریقہ کار اور قواعد و ضوابط مشتہر کئے اور ووٹ کے آزادانہ استعمال کے لئے انہیں ضروری سہولتیں فراہم کیں کاغذات نامزدگی کی سخت اسکروٹنی کی گئی جس کے نتیجے میں دو سو سے زائد امیدوار انتخابی عمل سے باہر ہو گئے ہیں عام انتخابات کے انعقاد پر اس مرتبہ 21 ارب روپے سے زائد رقم صرف ہو گی جو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔

اس سے انتخابات کو صاف وشفاف بنانے کے لئے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کی گہری دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔ خواتین کی انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لئے ضابطے نافذ کئے گئے ہیں ووٹر مرد ہوں یا خواتین آج ووٹ ڈالنے کے لئے ضرور باہر نکلیں، انتخابی مہم کے دوران اگرچہ زیادہ تر سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں نے مستقبل کا پروگرام پیش کرنے سے زیادہ مخالفین کی کردارکشی پر زور خطابت صرف کیا ہے لیکن ان کے انتخابی منشور بھی موجود ہیں جن سے رائے دہندگان کو بہتر نمائندے چننے میں مدد ملے گی۔ عوام کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ ذات برادری اور رنگ و نسل کے امتیاز سمیت ہر طرح کے تعصبات اور مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک اور صرف ملک کے مفاد کو ترجیح دیں اور اہل اور دیانتدار نمائندوں کا انتخاب کریں۔

یہ یاد رکھیں کہ ان کا ووٹ قوم کی امانت ہے اور امانت میں خیانت بہت بڑا جرم ہے، اس موقع پر عوام کا درست فیصلہ ہی محفوظ خوشحال اور مستحکم پاکستان کی ضمانت بن سکتا ہے۔ ملک کو اس وقت جو سنگین اندرونی اور بیرونی چیلنجز درپیش میں ان سے نمٹنے کے لئے اہل قیادت کا انتخاب از بس ضروری ہے، الیکشن کی ساکھ اگرچہ پہلے ہی تنازعات کی زد میں ہے لیکن جو بھی برسراقتدار آئے اسے چاہئے کہ سب کو ساتھ لے کر چلے اور قوم کو تقسیم نہ ہونے دے قومی یک جہتی اور اتحاد کے لئے گروہی مفادات کی قربانی ضروری ہے۔ یہ سیاسی رہنمائوں کے تدبر کا بھی امتحان ہے کہ وہ ایسے موقعوں پر قوم کو انتشار و افتراق سے کس طرح بچاتے ہیں۔

اداریہ روزنامہ جنگ


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4736

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>