دنیا کی اولین میسیجنگ سروسز میں سے ایک ’یاہو میسینجر‘کا آج خاتمہ ہو گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آن لائن ٹیکنالوجی کمپنی ’یاہو ‘نے اپنی 20 سال پرانی میسجنگ سروس اپلیکیشن ’ یاہو میسنجر‘ کو بند کر دیا ہے۔ یاہو میسینجر پہلی بار 1998 میں متعارف کرایا گیا تھا اور فوراً ہی مقبول بھی ہو گیا تھا مگر فیس بک، واٹس ایپ، میسینجر، اسنیپ چیٹ، وی چیٹ جیسی دیگر میسجنگ اپلیکیشن اور سوشل ویب سائٹس نے اسے بلکل پیچھے چھوڑ دیا۔
صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اس اپلیکیشن میں متعدد بار تبدیلیاں بھی لائی گئیں مگر نتیجہ نہ ملنے پر اسے مستقل طور پر 17 جولائی 2018 کو بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ کمپنی کے مطابق یاہو میسینجر کے وہ تمام پیغامات جو یاہو کےصارفین کے میل باکس میں محفوظ تھے، انہیں بھی جلد ہی ختم کر دیا جائے گا لہذا صارفین سے درخواست کی گئی ہے ان پیغامات کو اپنے پاس ڈاؤن لوڈ کر لیں۔ واضح رہے کہ یاہو کمپنی اپنی نئی میسجنگ اپلیکیشن اسکئرل کے نام سے متعارف کرا رہی ہے جسے 17 جولائی کے بعد آن لائن کیا جائے گا۔