آپ یہ جانتے ہی ہوں گے کہ ہماری زمین کا 70.8 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہے اور باقی حصہ خشک ہے جہاں پر ہم انسان بستے ہیں۔ اکثر دوستوں کے ذہن میں خیال آتا ہو گا کہ خشک زمین کو سات حصوں میں تقسیم کیوں کیا گیا ہے۔ یعنی ہماری زمین کے سات براعظم کیوں ہیں تو آج ہم آپ کو اس کے متعلق دلچسپ معلومات بتاتے ہیں۔ ’’بر‘‘ کا مطلب خشکی ہے۔ اور اعظم بہت بڑے کو کہتے ہیں۔ تو براعظم کا مطلب ہوا۔ خشکی کا بہت بڑا ٹکڑا جس کے اردگرد پانی ہو۔ دنیا کو سات براعظموں میں اس لئے تقسیم کیا گیا ہے کہ زمین کا ایک بہت بڑا علاقہ جو عام خیال سے سمندر میں گھرا ہوا ہوتا ہے، براعظم کہلاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں آپ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ دنیا سات بڑے جزیروں پر مشتمل ہے جس کی وجہ سے دنیا کو سات حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
اس تعریف کے مطابق سات براعظم ہیں۔ ایشیا ، یورپ ، افریقہ ، انٹارکٹیکا ، آسٹریلیا ، شمالی امریکہ اور جنوبی امریکہ جبکہ زمین کے چھوٹے چھوٹے جزیروں کو قریب کے بڑے براعظموں میں شمار کر لیا جاتا ہے۔ بہت سے ماہرین کے نزدیک یہ خیال درست نہیں کیونکہ یورپ اور ایشیا روس کے کچھ زمینی راستوں سے جڑے ہوئے ہیں اور یوریشیا کہلاتے ہیں۔ اسی طرح جنوبی امریکہ اور شمالی امریکہ بھی جڑے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بعض ماہرین کے نزدیک براعظموں کی اصل تعداد پانچ ہی سمجھی جاتی ہے۔ یعنی افریقہ، یوریشیا، امریکہ، انٹارکٹکا اور آسٹریلیا۔ اگر آپ اولمپک کے نشان یعنی پانچ سرکلز کو دیکھیں تو اس سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ براعظم پانچ ہی ہیں۔
کیونکہ اولمپک تنظیم کا نشان پانچ براعظموں کے لئے پانچ دائروں پر مشتمل ہے۔پانچ براعظموں کی نمائندگی کرنے والا اولمپک تنظیم کا نشان رقبے اور آبادی دونوں لحاظ سے سب سے بڑا براعظم یوریشیاء ہے۔ مسلمانوں کی اکثریت ایشیا میں رہتی ہے۔ ساتوں براعظم مل کر زمین کا صرف ایک تہائی بنتے ہیں اور باقی حصہ سمندروں پر مشتمل ہے۔
ایشیاء
براعظم ایشیاء دنیا کا سب سے بڑا اور زیادہ آبادی والا براعظم ہے۔ یہ زمین کے کل رقبے کا 8.6 فیصد، کل بری علاقے کا 29.4 فیصد اور کل آبادی کے 60 فیصد حصے کا حامل ہے۔ ایشیاء روایتی طور پر یوریشیا کا حصہ ہے جس کا مغربی حصہ یورپ ہے۔ ایشیاء نہر سوئز کے مشرق، کوہ یورال کے مشرق اور کوہ قفقاز یا کوہ قاف ، بحیرہ قزوین اور بحیرہ اسود کے جنوب میں واقع ہے۔ قرون وسطیٰ سے قبل یورپی ایشیاء کو براعظم نہیں سمجھتے تھے تاہم قرون وسطیٰ میں یورپ کی ثانیہ کے وقت تین براعظموں کا نظریہ ختم ہو گیا اور ایشیاء کو بطور براعظم تسلیم کر لیا گیا۔
یورپ
یورپ (europe) دنیا کے سات روایتی براعظموں میں سے ایک ہے تاہم جغرافیہ دان اسے حقیقی براعظم نہیں سمجھتے اور اسے یوریشیا کا مغربی جزیرہ نما قرار دیتے ہیں۔ اصطلاحی طور پر کوہ یورال کے مغرب میں واقع یوریشیا کا تمام علاقہ یورپ کہلاتا ہے۔ یورپ کے شمال میں بحر منجمد شمالی، مغرب میں بحر اوقیانوس، جنوب میں بحیرہ روم اور جنوب مشرق میں بحیرہ روم اور بحیرہ اسود کو ملانے والے آبی راستے اور کوہ قفقاز ہیں۔ مشرق میں کوہ یورال اور بحیرہ قزوین یورپ اور ایشیا کو تقسیم کرتے ہیں۔ یورپ رقبے کے لحاظ سے آسٹریلیا کو چھوڑ کر دنیا کا سب سے چھوٹا براعظم ہے جس کا رقبہ ایک کروڑ چالیس لاکھ مربع کلومیٹر ہے جو زمین کے کل رقبے کا صرف دو فیصد بنتا ہے۔
افریقہ
افریقہ رقبے کے لحاظ سے کرہ ارض کا دوسرا بڑا بر اعظم ہے، جس کے شمال میں بحیرہ روم، مشرق میں بحر ہند اور مغرب میں بحر اوقیانوس واقع ہے۔ دلکش نظاروں، گھنے جنگلات، وسیع صحراؤں اور گہری وادیوں کی سرزمین جہاں آج 53 ممالک ہیں جن کے باسی کئی زبانیں بولتے ہیں۔ افریقہ کے شمالی اور جنوبی حصے نہایت خشک اور گرم ہیں جن کا بیشتر حصہ صحراؤں پر پھیلا ہوا ہے۔ خط استوا کے ارد گرد گھنے جنگلات ہیں۔ مشرقی افریقہ میں عظیم وادی الشق کے نتیجے میں گہری وادیاں تشکیل پائیں جن میں کئی بڑی جھیلیں بھی واقع ہیں۔ مشرق میں عظیم وادی الشق ہے، جو دراصل زمین میں ایک عظیم دراڑ کے نتیجے میں وجود میں آئی۔ یہ عظیم دراڑ جھیل نیاسا سے بحیرہ احمر تک پھیلی ہوئی ہے۔ اگر یہ دراڑ مزید پھیلتی گئی تو ایک دن قرن افریقہ براعظم سے الگ ہو جائے گا۔
انٹارکٹکا
انٹارکٹکا دنیا کا انتہائی جنوبی براعظم ہے جہاں قطب جنوبی واقع ہے۔ یہ دنیا کا سرد ترین، خشک ترین اور ہوا دار ترین براعظم ہے جبکہ اس کی اوسط بلندی بھی تمام براعظموں سے زیادہ ہے۔ انٹارکٹکا 98 فیصد برف سے ڈھکا ہوا ہے۔ یہاں کوئی باقاعدہ و مستقل انسانی بستی نہیں۔ انٹارکٹکا یونانی لفظ Antarktikos سے نکلا ہے جس کا مطلب ہے آرکٹک کے مدمقابل۔ اس براعظم کو پہلی بار روسی جہاز راں میخائل لیزاریف اور فابیان گوٹلیب وون بیلنگشاسن نے 1820ء میں دیکھا۔
براعظم آسٹریلیا
یہ براعظم ملک آسٹریلیا اور قریبی جزائر ریاست تسمانیا ، نیو گنی، جزائر ارو اور جزائر راجہ امپت پر مشتمل براعظم ہے۔ اس براعظم کے بڑے شہروں میں سڈنی، ملبورن، برسبین، ایڈیلیڈ، گولڈ کوسٹ، کینبرا اور وولونگانگ شامل ہیں۔ اس کا کل رقبہ 84 لاکھ 68 ہزار مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ جو دنیا کا سب سے چھوٹا براعظم ہے۔
جنوبی امریکہ
براعظم جنوبی امریکہ، جنوبی امریکہ مغربی نصف کرہ میں واقع ایک براعظم ہے جس کا بیشتر حصہ جنوبی کرہ ارض میں واقع ہے۔ مغرب میں اس براعظم کی سرحدیں بحر الکاہل اور شمال اور مشرق میں بحر اوقیانوس اور شمالی امریکہ اور شمال مغرب میں بحیرہ کیریبیئن سے ملتی ہیں۔ جنوبی امریکہ کا نام شمالی امریکہ کی طرح یورپی جہاز راں امریگو ویسپوچی کے نام پر رکھا گیا جس نے پہلی مرتبہ یہ انکشاف کیا کہ امریکہ دراصل ہندوستان نہیں بلکہ ایک نئی دنیا ہے جسے یورپی نہیں جانتے۔
شمالی امریکہ
شمالی امریکہ دنیا کے 7 براعظموں میں سے ایک براعظم ہے۔ اس براعظم میں کینیڈا اور امریکہ اہم ممالک ہیں۔ اس براعظم کے قدیم باشندوں کو ( Red Indians ) کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ اس قوم کو نوآبادکار یورپیوں نے قتل عام کے بعد تقریباً ختم کر دیا تھا۔