↧
اسرائیلی سنائپرز کے ہاتھوں معذور فلسطینی فادی ابو صالح بھی شہید
دریں اثناء جرمنی نے غزہ کے ہلاکت خیز واقعات کی آزادانہ تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کا اشارہ دیا ہے۔ برلن حکومت کے ترجمان اشٹیفن زائبرٹ کے مطابق ایک غیر جانبدار کمیشن ہی غزہ کی سرحد پر اس خون خرابے کی تہہ تک پہنچ سکتا ہے۔ اس سے قبل امریکا نے سلامتی کونسل میں غزہ میں ہلاکتوں سے متعلق قرارداد کو ویٹو کر دیا تھا۔ برطانیہ بھی غزہ سے ملنے والی اسرائیلی سرحد پر ان خونریز واقعات کی آزادانہ تفتیش کا مطالبہ کر چکا ہے۔ یورپی ملک بیلجیم نے بھی غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد اقوام متحدہ سے ان کی تفتیش کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیلجیم نے ملک میں تعینات اسرائیلی سفیر کو طلب کرتے ہوئے ان کے اس بیان پر بھی احتجاج کیا، جس میں انہوں نے تمام فلسطینی متاثرین کو ’دہشت گرد‘ قرار دیا تھا۔ بلیجیم کے وزیر اعظم شارل میشل کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے عام شہریوں کے خلاف طاقت کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین پر براہ راست فائرنگ شرمناک ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے بھی اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کو ٹیلی فون کال کرتے ہوئے غزہ میں ہونے والی ان ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔
↧