پاکستان کرکٹ کےسابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہوں، بھارتی میڈیا منفی کردار ادا کر رہا ہے، یہ میڈیا ہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کبھی بہتر نہیں ہو سکتے، آئی پی ایل کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے کشمیر سے متعلق شاہد آفریدی کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی عوام پاکستانیوں اور پاکستانی کرکٹرز سے پیار کرتی ہے لیکن میڈیا ہمیشہ کی طرح منفی کردار ادا کر رہا ہے، میں نے بھارت کے خلاف اس لیے بیان دیا تھا کہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ہو رہے ہیں حالیہ دنوں میں بھارتی فوج نے درجنوں بے گناہ کشمیریوں کو موت کی نیند سلا دیا ہے، میں اپنی فاؤنڈیشن بھی انسانیت کی خدمت کے لئے چلا رہا ہوں، کشمیر ہو یا کوئی اور ملک جہاں بھی ظلم ہو گا میں آواز اٹھاؤں گا۔