یورپ میں برفانی طوفان نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کر رکھا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف حادثات میں 60 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ شدید برفباری کے باعث ہر شے برف سے ڈھک چکی ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ برطانیہ میں تباہ کن برفباری کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شدید برفباری کے باعث جہازوں اور ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی جبکہ ٹریفک اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ برفباری کے باعث متعدد اسکول بھی بند کر دیئے گئے ہیں اور شہریوں کی مدد کے لیے فوج طلب کر لی گئی ہے۔
خراب موسم اور برفباری کے باعث اسکاٹ لینڈ میں ریڈ الرٹ کر دیا گیا اور لوگوں کو اشیائے خور و نوش ذخیرہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ فرانس میں بھی لہو جما دینے والی سردی کا راج برقرار ہے اور درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سے کم ہو چکا ہے، جبکہ برفباری کے باعث سیکڑوں گاڑیاں کئی گھنٹوں تک سڑکوں پر پھنسی رہیں۔ سلووینیا میں بھی شدید برفباری سے پارہ منفی 6 ڈگری تک گر گیا۔ محکمہ موسمیات نے برفباری کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔