’نئے کورونا وائرس‘ سے بچاﺅ کے حوالے سےماہرین کا کہنا ہے کہ وہ افراد جو خود کو گھروں تک محدود کر رہے ہیں کون سی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انسداد وبائی امراض کے امریکی مراکز نے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے خود کو گھر تک محدود کر لے تو اسے ضروری دوائیں اور کھانے پینے کی بنیادی اشیا ذخیرہ کر لینا چاہیے۔ مقامی ویب نیوز’سبق‘ کے مطابق عام طور پر امراض قلب، ذیابیطس اور پھیپھڑے کی بیماری میں مبتلا افراد احتیاطی تدبیر کے طور پر خود کو گھروں کی حد تک محدود کر رہے ہیں۔
سی این این نے انسداد وبائی امراض کے مراکز کی ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جو لوگ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہو ں ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود کو گھروں تک محدود کر لیں۔ اس دوران اپنی ضرورت کا سامان خصوصی طور پر ضروری ادویہ کا ذخیرہ بھی کر لیں۔ ایسے افراد کو چاہے کہ وہ بخار، نزلہ زکام کے علاج کی معروف دوائیں اپنے پاس رکھیں ایسے طبی لوازمات بھی گھر میں ذخیرہ کر لیں جن کے لیے ڈاکٹری نسخے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
انسداد وبائی امراض کے مراکز نے ایک مشورہ یہ بھی دیا ہے کہ جنرل سٹور سے گھریلو ضروریات کی اشیا مناسب مقدار میں ضرور خرید لیں اگر بوڑھے افراد خود کو گھروں میں محصور کر رہے ہوں تو کھانے پینے کی ایسی اشیا ضرور ذخیرہ کریں جو وقت گزرنے پر تلف نہ کرنا پڑیں۔ یہ لوگ ایسی اشیا زیادہ مقدار میں خریدیں جن کے لیے انہیں بار بار گھر سے باہر نہ جانا پڑے۔