Quantcast
Channel: Pakistan Affairs
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4736

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے مدبرانہ افکار

$
0
0

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے دورۂ پاکستان نے جہاں ہم
وطنوں کو دنیا کے اہم ترین ادارے کے موجودہ سربراہ کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کیا وہاں ہمارے طلبہ، دانشوروں، سیاستدانوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کو فکر و دانش کی حامل اہم شخصیت کے افکار کو بالمشافہ سننے کا موقع ملا۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسلام آباد میں ایک عالمی کانفرنس میں شرکت کی جو پاکستان میں افغان مہاجرین کے قیام کے چالیس سال مکمل ہونے پر منعقد ہوئی اور جس کےذریعے عالمی سطح پر آج کے دور میں مہاجرین کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے انسانی بنیادوں پر نمٹنے کی ضرورت اجاگر کی گئی۔ 

پاکستان وہ ملک ہے جو فخر سے کہہ سکتا ہے کہ اس نے نہ صرف 30 تا 40 لاکھ افغان پناہ گزینوں کی چار عشروں سے میزبانی تاحال جاری رکھی بلکہ اقوامِ متحدہ کے قیام کے وقت سے اب تک اس کی ہر قرارداد کو صدق دل سے تسلیم کیا۔ یہاں تک کہ 1948 میں جب کشمیر میں اتاری گئی بھارتی فوج کی مزاحمت کرنے والے دستے سرینگر کے قریب پہنچ چکے تھے اس وقت بھی سلامتی کونسل کی قرارداد کے احترام میں اسلام آباد نے ان حریت پسندوں کو جنگ بندی پر رضا مند کیا اور تاحال سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر مکمل عملدرآمد کے لئے کوشاں ہے۔ اقوامِ متحدہ کو جب بھی دنیا کے کسی حصے میں قیام امن کے لئے فوج بھیجنے کی ضرورت پڑی، پاکستان اس کی کاوشوں میں پیش پیش رہا۔ 

معزز مہمان کرتارپور راہداری، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ دیکھنے گئے اور یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب سمیت خاصے سرگرم رہے۔ ان دوروں، ٹویٹر پیغامات، طلبہ سے خطاب، اخباری انٹرویو اور حکومتی شخصیات سے گفتگو میں انہوں نے جو باتیں کہیں ان کا خلاصہ یہ ہے کہ پاکستان اقلیت نواز ملک ہے اور کرتارپور راہداری پوری دنیا کے لئے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کی عملی تصویر ہے۔ طلبہ سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا ہر جگہ احترام کیا جانا چاہئے۔ اخباری انٹرویو کے دوران ان کی یہ تشویش واضح تھی کہ بھارتی پارلیمنٹ کے منظور کردہ متنازع ’’شہریت ترمیمی قانون‘‘ کے تحت 20 لاکھ افراد کے ’’بےوطن‘‘ ہونے کا خدشہ ہے جن میں بڑی تعداد مسلمانوں کی ہے۔ 

ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور حال ہی میں دہلی سے جاری کی گئی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی تفصیلات کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان رپورٹوں میں اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر کی دو رپورٹیں بھی شامل ہیں، ان سب پر سنجیدہ توجہ دی جانی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ انکوائری کمیشن کے قیام جیسے فیصلے صرف سلامتی کونسل کر سکتی ہے۔ ایسے منظر نامے میں کہ میونخ میں منعقدہ سیکورٹی کانفرنس کی رپورٹ پاک بھارت تصادم کے امکانات کی طرف اشارہ کر رہی ہے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کا ویٹو (فیصلوں کو منسوخ کرنے) کا حق مباحثوں کا موضوع بنا ہوا ہے.

انتونیو گوتریس ویٹو پاور کو عدم مساوات کی مثال سمجھتے ہیں مگر ان کا کہناہے کہ افراد اور ممالک میں مساوات قائم کرنا آسان نہیں، یہ ایک طویل عمل ہے۔ انتونیو گوتریس نے پولیو، نوجوانوں کی تعلیم، مواقع روزگار اور انسانی حقوق سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا جو یقیناً حوصلہ افزا ہے۔ مگر دنیا میں رہنے بسنے والے چھوٹے ممالک کی نظر میں طاقت کی زبان کو سکہ رائج الوقت دینے کا موجودہ منظر نامہ اقوام متحدہ کے مقاصد کی تصویر سے مختلف ہے جبکہ کرۂ ارض میں مظلوموں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی زبانوں سے بلند ہونے والے اس سوال کی آہنگ ہر لمحہ بلند ہو رہی ہے کہ کیا اخلاق کی طاقت کی بنیاد پر دنیا کی تصویر کشی کبھی ہو سکے گی؟

بشکریہ روزنامہ جنگ


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4736

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>