Quantcast
Channel: Pakistan Affairs
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4736

پاکستان میں اب کون کتنا انکم ٹیکس دے گا ؟

$
0
0

پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت نے اپنے پہلے بجٹ میں جہاں کم از کم قابلِ ٹیکس آمدن کی حد 12 لاکھ سے کم کر کے تنخواہ دار طبقے کے لیے چھ لاکھ اور دیگر غیر تنخواہ دار طبقے کے لیے چار لاکھ مقرر کی ہے وہیں انکم ٹیکس کا تعین کرنے کے لیے موجود سلیبز کی تعداد بڑھا کر 12 کر دی گئی ہے۔ 12 لاکھ کی حد گزشتہ برس پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے چھٹے اور آخری بجٹ میں مقرر کی تھی تاہم بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیرِ محصولات حماد اظہر نے کہا کہ اس اقدام سے 80 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ 2019-20 کے فنانس بل میں تنخواہ دار طبقے کے لیے جو سلیبز مقرر کیے گئے ہیں ان میں کم از کم ٹیکس کی شرح پانچ فیصد جبکہ زیادہ سے زیادہ شرح 35 فیصد ہے۔

سلیبز میں کی جانے والی تبدیلیوں کے بعد پہلے سلیب میں ایسے افراد آئیں گے جن کی سالانہ آمدن چھ لاکھ سے کم یعنی 50 ہزار روپے ماہانہ ہے تاہم ان افراد کو کوئی انکم ٹیکس نہیں دینا پڑے گا۔ دوسرے سلیب میں ایسے تنخواہ دار افراد کو شامل کیا گیا ہے جن کی آمدن چھ لاکھ سے 12 لاکھ روپے سالانہ تک ہے اور انھیں چھ لاکھ سے زائد رقم پر پانچ فیصد کی شرح سے ٹیکس دینا ہو گا۔ مثال کے طور پر وہ شخص جس کی آمدن دس لاکھ روپے سالانہ یا ماہانہ 83 ہزار تین سو تینتیس روپے ہو وہ اب تک صرف ایک ہزار روپے سالانہ ٹیکس دے رہا تھا تاہم اسے نئے قوانین کے تحت چھ لاکھ کی آمدن پر چھوٹ حاصل ہو گی اور بقیہ چار لاکھ روپے پر وہ پانچ فیصد کی شرح سے 20 ہزار روپے سالانہ ٹیکس دے گا یعنی اس کا ٹیکس 666 روپے بڑھ جائے گا۔

تیسرا سلیب 12 لاکھ سے 18 لاکھ آمدن والے افراد کے بارے میں ہے جنھیں اب 30 ہزار روپے کے فکس ٹیکس کے علاوہ 12 لاکھ سے زیادہ آمدن پر 10 فیصد کی شرح سے ٹیکس دینا ہو گا۔ چوتھے سلیب میں 18 لاکھ سے 25 لاکھ روپے سالانہ آمدنی والے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ نئے قوانین کے تحت یہ لوگ 90 ہزار روپے سالانہ فکس ٹیکس دیں گے جبکہ 18 لاکھ سے زائد آمدن پر انھیں پندرہ فیصد کی شرح سے ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ انکم ٹیکس کا پانچواں سلیب 25 لاکھ سے 35 لاکھ روپے سالانہ سے زائد آمدن پر لاگو ہوتا ہے اور اس کے تحت ایک لاکھ 95 ہزار روپے فکس ٹیکس کے علاوہ 25 لاکھ سے زائد آمدن پر ساڑھے 17 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔

چھٹا سلیب 35 لاکھ سے 50 لاکھ آمدن والے افراد کے لیے ہے جو 3 لاکھ 70 ہزار روپے سالانہ فکس ٹیکس کے علاوہ 35 لاکھ سے زیادہ آمدن کا 20 فیصد بطور انکم ٹیکس دیں گے۔ ساتویں سلیب میں 50 لاکھ سے 80 لاکھ تک کمانے والے لوگوں پر 6 لاکھ 70 ہزار فکس ٹیکس کے علاوہ 50 لاکھ سے زیادہ آمدن پر ساڑھے 22 فیصد انکم ٹیکس لگایا گیا ہے۔ اس برس زیادہ آمدن والے تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس کو مزید کئی سلیبز میں تقسیم کیا گیا ہے اور آٹھویں سلیب میں 80 لاکھ سے ایک کروڑ 20 لاکھ آمدن والے افراد کو 13 لاکھ 45 ہزار روپے سالانہ فکس ٹیکس کے علاوہ 80 لاکھ سے زیادہ آمدن کا 25 فیصد بطور انکم ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔

نواں سلیب ایک کروڑ 20 لاکھ روپے سے تین کروڑ روپے سالانہ آمدن والے افراد کے لیے ہے جو 23 لاکھ 45 ہزار روپے فکس انکم ٹیکس کے علاوہ ایک کروڑ 20 لاکھ روپے سے زیادہ آمدن پر ساڑھے 27 فیصد انکم ٹیکس دیں گے۔ دسواں سلیب تین کروڑ سے پانچ کروڑ آمدنی والوں کے لیے ہے جن سے 72 لاکھ 95 ہزار روپے فکس ٹیکس کے علاوہ تین کروڑ سے زیادہ آمدن پر 30 فیصد ٹیکس لیا جائے گا۔ 11ویں سلیب میں پانچ سے ساڑھے سات کروڑ روپے سالانہ آمدن والے افراد آتے ہیں جو ایک کروڑ 32 لاکھ 95 ہزار روپے فکس اور پانچ کروڑ سے زیادہ رقم پر ساڑھے 32 فیصد ٹیکس دیں گے۔ آخری اور 12واں سلیب ایسے افراد کے لیے ہے جن کی سالانہ آمدن ساڑھے سات کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ یہ افراد دو کروڑ 14 لاکھ 20 ہزار روپے فکس اور ساڑھے سات کروڑ سے زیادہ آمدن پر 35 فیصد ٹیکس دیں گے۔

ذیشان حیدر
بشکریہ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4736

Trending Articles



<script src="https://jsc.adskeeper.com/r/s/rssing.com.1596347.js" async> </script>