امریکا کی شمالی اور مشرقی ریاستوں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے منفی 50 ڈگری کی سردی محسوس ہو رہی ہے۔ امریکا کی 32 ریاستیں ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جہاں رواں ہفتے کے آغاز سے لے کر اب تک 5 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔
واشنگٹن میں تاہم یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت منفی 50 ڈگری محسوس کیا جارہا ہے۔ برفباری اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے متاثرہ ریاستوں میں تعلیمی ادارے بند ہیں، جبکہ پوسٹل سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔ شکاگو میں ٹرینوں کی آمدورفت بحال رکھنے کے لیے پٹریوں پر آگ لگائی گئی جبکہ شدید برفباری کے باعث اب تک 2 سو سے زائد ٹریفک حادثات پیش آچکے ہیں۔ حکام نے مزید برفباری اور درجہ حرارت میں مزید کمی سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔