معروف انٹرنیٹ کمپنی یاہو کی جانب سے چیٹنگ میسنجر کو شٹ ڈاﺅن کرنے پر ٹیکنالوجی کی دنیا کا ایک یادگار عہد اختتام پذیر ہو گیا۔ یوہو میسنجر کی سپورٹ کمپنی نے ختم کر دی ہے اور اب صارفین اس میں چیٹ تک رسائی حاصل نہیں کر سکتے کیونکہ سروس کام ہی نہیں کرے گی۔ یہ تو واضح نہیں کہ یاہو نے اپنی اس میسنجر سروس کو شٹ ڈاﺅن کن وجوہات کی بناءپر کیا، تاہم کمپنی کے مطابق اس کی توجہ نئے کمیونیکشن ٹولز متعارف کرانے کی جانب رہے گی۔ ’یاہو میسینجر‘ کو ابتدائی طور پر 9 مارچ 1998 کو متعارف کرایا گیا تھا، اس ایپلی کیشن میں گزشتہ 20 سالوں کو دوران صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے متعدد تبدیلیاں بھی کی گئیں۔
یاہو میسینجر چیٹ رومز سمیت دیگر فیچر بھی متعارف کرائے گئے، تاہم گزرتے وقت اور نئی میسیجنگ ایپلی کیشنز اور سوشل ویب سائٹس آنے کے بعد اسے سخت مشکلات درپیش تھیں۔ یاہو کی جانب سے گزشتہ ماہ اس سروس کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس پر 17 جولائی سے عملدرآمد شروع ہو گیا۔ یاہو نے اپنے صارفین کو ’اسکئرل‘ نامی اپنی نئی میسیجنگ ایپلی کیشن استعمال کرنے کا مشورہ دیا، جسے 17 جولائی کے بعد آن لائن کیا جائے گا۔ یاہو سے قبل ماضی کی دیگر مقبول میسیجنگ ایپلی کیشنز ’اے او ایل‘ کو 2017 جب کہ ’ایم ایس این‘ کو 2014 میں بند کیا جا چکا ہے۔ تاہم صارفین یاہو میسنجر میں موجود اپنی چیٹ ہسٹری کو نومبر 2018 تک ڈاﺅن لوڈ کر سکتے ہیں۔