گدھ کو انگریزی میں ولچر کہتے ہیں۔ یہ مردہ خور پرندہ ہے جو بلند پرواز بھی کرتا ہے۔ گدھ کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک گروپ میں کیلی فورنیا اور انڈین کانڈرس گدھ کو رکھا گیا ہے۔ اولذکر گروپ شمالی اور جنوبی امریکہ میں پایا جاتا ہے جبکہ آخری گروپ جسے اولڈ ورلڈ ولچر سے موسوم کیا گیا ہے یورپ ، افریقہ اور ایشیائی ممالک میں پایا جاتا ہے یہ ہندوستان کے ریگستانی، صحرائی اور پہاڑی علاقوں میں کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ مردار خور گدھ کی چونچ موٹی سخت اور سامنے مڑی ہوئی ہوتی ہے۔ چونچ کے اوپر سانس لینے کیلئے دونوں جانب سوراخ ہوتے ہیں۔
مردار خور گدھ کا سر بھی ہوتا ہے سر کے کسی قدر نیچے کی جانب دونوں طرف آنکھیں ہوتی ہیں جو دو الگ اطراف میں دیکھنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ ایک شکاری پرندہ ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ عموماً صحت مند جانوروں پر حملہ یا شکار نہیں کرتے بلکہ بیمار اور لاغر جانوروں کو اپنا شکار بناتے ہیں۔ گدھ کے پر بڑے ہوتے ہیں جو بلندی سے اترنے میں مدد کرتے ہیں۔ ان میں سونگھنے کی صلاحیت یعنی قوت شامہ بہت تیز ہوتی ہے۔ یہ گروپ کی شکل میں غذا کھاتے ہیں جب کسی جانور کی نعش دکھائی دیتی ہے تب گدھ کا جھنڈ وہاں اتر پڑتا ہے۔
یہ ایک ایسا پرندہ ہے جو مردار کے اندورنی اعضاء جیسے آنت ، جگر اور دل بھی شوق سے کھاتا ہے۔ اس پرندے کو بلندی پر مردار کی بو پہنچ جاتی ہے۔ جو کہ اس کے سونگھنے کی ایک بہترین صلاحیت ہے۔ جب گدھ غذا کھا لیتا ہے تو اسے ہضم کرنے کے لئے سو جاتا ہے یا نیم خوابیدہ حالت میں رہتا ہے۔ گدھ کو صفائی کرنے والا پرندہ کہا جاتا ہے یعنی جنگلوں میں مردار جانوروں کو یہ پرندے تھوڑی دیر میں ہی چٹ کر جاتے ہیں۔ گدھ کی نسل اب ختم ہوتی جا رہی ہے۔ ان پرندوں کی بقاء کے لئے محکمہ جنگلات جہدو جہد میں مصروف ہے ۔