اسرائیل میں ایک فلسطینی نے تیز رفتار ٹرک سے فوجیوں کے ایک گروپ کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔ فرانسیسی خبر رساں اداے اے ایف پی کے مطابق جائے وقوع پر موجود ایک امدادی کارکن نے بتایا کہ اس واقعے کے نتیجے میں کئی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پولیس اس واقعے کی ایک سوچے سمجھے حملے کے طور پر اس کی تحقیقات کررہی ہے۔
اسرائیلی پولیس اور ریسکیو سروسز نے بتایا کہ یہ واقعہ یروشلم میں پیش آیا جہاں اسرائیلی فوجی ایک بس سے اتر رہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار ٹرک ان کی طرف آیا اور ان کے اوپر چڑھ گیا۔ ایک عینی شاہد کے مطابق کچھ لوگوں کو کچلنے کے بعد ڈرائیور ٹرک کو ریورس کر کے واپس آ رہا تھا تا کہ مزید لوگوں کو ٹکر مار سکے، اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ سوچا سمجھا حملہ تھا۔
اسرائیلی ریسکیو سروس ایم ڈی اے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں تین خواتین فوجی اہلکار اور ایک مرد شامل ہے اور ان سب کی عمریں 20 سے 25 کے درمیان تھیں جبکہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس ایک سال تک اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی شہریوں پر فائرنگ اور فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں پر حملے کے واقعات رونما ہوتے رہے تھے تاہم چند مہینوں سے اس میں بہت حد تک کمی واقع ہوگئی تھے۔